عالمی برادری اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان

January 29, 2023

اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، نیوز ڈیسک)پاکستان نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کئے جائیں، ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوئیڈ ن کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن پاک کی توہین احمقانہ اور جارحانہ فعل ہے ، پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے ،ترکیہ نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے انقرہ میں ڈینش سفیر کو طلب کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے ، سعودی عرب نے ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز عمل قرار دیا ہے، سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال کرتے ہوئے مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی پھیلائی جا رہی ہے، وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مغربی حکومتوں کو چاہئے کہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں پر پابندی لگائیں، قرآن مجید کی بے حرمتی سے دنیا میں مذہبی منافرت پیدا ہوگی اور ایک دوسرے کے لئے منفی جذبات پیداہوں گے، واضح رہے کہ ترکیہ کی جانب سے سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو رکنیت کی حمایت نہ کرنے پر دائیں بازو کے انتہا پسند رہنما راسموس پلودان کی جانب سے سوئیڈن کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن پاک کی توہین کی گئی ہے ۔قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے انتہائی احمقانہ اور جارحانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، بیان میں کہا گیا کہ اسلام فوبیا کے شکار افراد کی جانب سے چند روز قبل سویڈن میں بھی اسی طرح کی حرکت کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متعدد بار اس طرح کے نفرت انگیز اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور تشدد پر اکسانے کے لیے آزادی اظہار کے حق کا غلط استعمال کی جارہا ہے۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اس قانونی فریم ورک پر بھی سوالیہ نشان ہے، جس کے پیچھے مذہبی منافرت پھیلانے والے چھپتے ہیں، جب دنیا کو امن کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں عالمی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ آزادی اظہار رائے ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، حکومت اور بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ واقعے سے متعلق پاکستان کے تحفظات ڈنمارک کے حکام کو پہنچائے جارہے ہیں۔پاکستان نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے اور اس طرح کے اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز کارروائیوں کو روکنے کے لیےاقدامات کیے جائیں۔