لال حویلی قبضہ کیلئے ممکنہ آپریشن کیخلاف دائر درخواست خارج

January 29, 2023

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سول جج راولپنڈی نوید اختر لوہان نے لال حویلی کا قبضہ حاصل کرنے کے لئے ممکنہ آپریشن کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھائی شیخ صدیق نے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کے ذریعے متروکہ وقف املاک کے زونل ایڈمنسٹریٹر کو فریق بناتے ہوئے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ بوہڑ بازار میں واقع ہماری جائیداد نمبرD-158 اورD-329کے حوالے سے ایک اپیل متروکہ وقف املاک کے ایڈمنسٹریٹر کے پاس زیر التوا اور ایک کیس سول عدالت میں بھی زیر سماعت ہے جس کی 15فروری کی تاریخ مقرر ہے اس دوران متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے لال حویلی کے خلاف کارروائی کا نوٹس بھیج کر 31جنوری کو ڈپٹی کمشنر سے باقاعدہ پولیس فورس مانگی گئی ہے، درخواست گزار کے وکیل کا موقف تھا کہ معاملہ عدالت میں ہے لال حویلی سے متعلق دائر ہماری درخواست پر عدالت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں سنایا لال حویلی اور اسے ملحقہ اراضی کی رجسٹری متروکہ وقف املاک میں جمع کراچکے ہے یہ حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے جس کی پوری دستاویزات ہمارے پاس ہیں لیکن متروکہ وقف املاک سیاسی انتقام کے تحت لال حویلی کو سیل کرنا چاہتی ہے عدالت سے استدعا ہے کہ لال حویلی اور اس سے متعلقہ یونٹس کے خلاف ممکنہ کریک ڈاؤن روکنے کا حکم جاری کیا جائے، عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی اور اپنے حکم میں کہا کہ متروکہ وقف املاک کی جانب سے مذکورہ جائیداد کو ریگولائز کئے جانے سے متعلق نوٹسوں کے اجرا سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جائیداد متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہے لہٰذا کوئی بھی عدالت یا ادارہ نہ تو حکم امتناع اور نہ ہی ایسا کوئی حکمنامہ جاری کر سکتا ہے جو اس ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائی روکنے کے مترادف ہو۔ ادھر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک آصف خان کی جانب سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں متروکہ وقف املاک کی ملکیتی مری روڈ پر واقع جائیداد نمبر H-63،H-67/A، راجہ بازار میں واقع U-350اور بوہڑ بازار میں واقع D-158اور D-329پر مختلف لوگ غیر قانونی قابض ہیں مراسلہ میں استدعا کی گئی ہے کہ ان جائیدادوں کا قبضہ واگزار کرانے کیلئے پولیس نفری فراہم کی جائے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ قبضہ واگزار کرانے کے لئے 31جنوری صبح 9بجے باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق بورڈ کی ملکیتی جائیداد میں لال حویلی سمیت بورڈ کی اراضی کے 7 یونٹ شیخ رشید کے قبضے میں ہیں۔