جڑواں شہروں کے پمپوں پر پٹرول نایاب، صارفین خوار

January 29, 2023

اسلام آباد(عاطف شیرازی،نامہ نگار) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اعلان سے پہلے ہی جڑواں شہروں کے پٹرول پمپوں پہ پٹرول نایاب ہو گیا۔ اوگرا کی مبینہ غفلت کے باعث پٹرول پمپ مالکان کی راتوں رات چاندی ہوگئی۔مری روڈ پہ واقع پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کی فروخت بند کر کے بجلی بند ہے کے بورڈ آویزاں کر دیے۔اوگرا کی ٹیمیں حسب معمول منظر نامے سے غائب رہیں اور پٹرول بند کرنے والے اسٹیشنز کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہ کی۔ پٹرول کی تلاش میں خوار ہونے والے صارفین نے بتایا جب بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ اڑائی جاتی ہے جڑواں شہروں میں پٹرول نایاب ہو جاتا ہے،اوگرا سفید ہاتھی بن چکا ہے ۔ اوگرا کی جانب سے چور بازاری کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کے باعث ان کو شہہ ملتی ہے اور یہ دیدہ دلیری سے راولپنڈی اور دارالحکومت جیسے اہم شہروں میں پٹرول پمپ بند کر کے حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ اوگرا حکام بھاری بھرکم تنخواہیں صرف چور بازاری کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کو راتوں رات امیر بنانے اور قومی خزانے کو نقصان بچانے کے لیے لیتے ہیں،دن دو بجے سے ہی مارکیٹ میں پٹرول غائب تھا مری روڈ پہ واقع شیل ,اٹک آئل, حیسکول, پی ایس او کے پمپ بند رہے۔ جبکہ گولڑہ , ایف الیون آئی ٹین میں بھی پمپ بند ملنے کی شکایات موصول ہوتی رہیں ۔اس حوالے پٹرول پمپ کے مالکان نے بتایا کہ پٹرول ڈپو سے کم مل رہا ہے اس لیے پٹرول ختم ہو گیا ہے ، اوگرا کے ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو اس حوالے سے بتا دیا ہے.شہریوں کا کہنا تھا کہ اوگرا حکام کی جانب سے چور بازاری کرنے والے مالکان کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے کے باعث حکومت کی بدنامی ہوتی ہے اگر ان پمپ مالکان کے پاس مطلوبہ ذخیرہ موجود نہیں ہے تو ان کے لائسنس منسوخ کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائےتاکہ حکومت کی رٹ نظر آئے۔