لسبیلہ بس حادثہ: وزیرِ اعظم اور دیگر کا اظہارِ افسوس

January 29, 2023

وزیراعظم شہباز شریف— فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع لسبیلہ میں پیش آئے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیرِ اعظم نے حادثے میں جاں بحق افراد کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

شہباز شریف نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے بھی لسبیلہ بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

عارف علوی نے جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہارِ تعزیت اور اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔

صدرِ مملکت نے اس حوالے سے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے بھی بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ واقعے کی فوری اور منصفانہ تحقیقات کی جائیں، ایسے واقعات نظر انداز نہ کیے جائیں۔