کامیاب یوتھ فیسٹیول کے انعقاد پر آرٹس کونسل انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، سردار شاہ

January 29, 2023

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری سات روزہ پاکستان یوتھ فیسٹیول تمام تر رنگینوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ پاکستان یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں وزیر ثقافت و تعلیم سردار علی شاہ مہمانِ خصوصی تھے جنہیں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور اراکین گورننگ باڈی نے خوش آمدید کیا۔

فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا افتتاح معروف جیمبروز بینڈ کی شاندار میوزیکل پرفارمنس سے ہوا، پاکستان یوتھ فیسٹیول کی دس مختلف کیٹیگریز کے مقابلوں اور دو خصوصی مقابلوں میں جیتنے والے خوش نصیبوں کو نقد انعام دیا گیا اور ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

خصوصی بچوں کے لیے منعقد کیے جانے والے اسپیشل چلڈرن فیسٹیول میں حصہ لینے والے خصوصی بچوں کو خصوصی ایوارڈز دیے گئے۔ پاکستان یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے وزیر ثقافت و تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے کوئی پالیسی نہیں بنائی۔

انہوں نے کہا کہ محمد احمد شاہ نے جو یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا ہے اس میں ہمارے نواجون پرفارم کر رہے ہیں یہ ان کی حوصلہ افزائی ہے، اس ملک میں عدم برداشت اور انتہا پسندی کو کاؤنٹر کرنے کے لیے نوجوانوں کو تیار کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس کمپلیکس سے نکلنا پڑے گا کہ کامیاب صرف ڈاکٹر، انجینئر اور افسر ہی ہوسکتے ہیں بلکہ کوئی نصرت فتح علی خان، عاطف اسلم اور حدیقہ کیانی بھی بن سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر ثقافت نے کہا کہ ہمارے ہاں بچوں سے پوچھا ہی نہیں جاتا کہ اس کو مستقبل میں کیا بننا ہے، ہم سب خود پہ نظر ڈالیں تو ہم سب حادثاتی طور پر وہ بنے جو آج ہیں حالانکہ بننا کچھ اور چاہتے تھے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ہماری انڈس ویلی کی تہذیب سے کلاء کے رقص کے نشان ملے ہیں، اسی تناظر میں محکمہ تعلیم نے ساڑھے سات سو میوزک ٹیچرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں بچوں کو وہ پاکستان دینا ہے جو احمد شاہ نے آرٹس کونسل میں کلچر کا گڑھ بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مجھے کہیں ایسا کوئی ادارہ نظر نہیں آتا جو فنون لطیفہ اور ثقافت کے فروغ کے لیے اس طرح کام کر رہا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی اصل شکل ہمیں بدلنی ہے، تمام نوجوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں، اپنی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ فیسٹیول میں مڈل کلاس بچوں کی بڑی تعداد نظر آ رہی ہے، احمد شاہ کو گرو گنٹال کہتا ہوں جو ایک جمہوری آمر ہیں، احمد شاہ ہماری رہنمائی کریں ہم سرکاری اسکول و کالجز میں ایسے مقابلے کروائیں۔

اختتامی تقریب سے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کے اسپیشل فیسٹیول میں شامل تمام بچوں نے زبردست پرفارم کیا، یہ بچے ہم سے زیادہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، کمال کا گانا گاتے ہیں، بہترین مصور ہیں۔ نگہت چوہدری اور وہاب شاہ نے ڈانس فائنل میں بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ 16 سال پہلے یوتھ فیسٹیول کا آغاز کیا تھا، ہماری پوری ٹیم نے بہت محنت کی، آرٹس کونسل میں آپ سب نے پورا ہفتہ رونق لگائے رکھی، اس انرجی سے آرٹس کونسل کے درو دیوار خوش ہیں، ہمارے ہاں روزگار کی کمی ہے جو لوگ افورڈ نہیں کر سکتے ان کے لیے آئی ٹی کی ٹریننگ کا آغاز بہت جلد کیا جائے گا۔

محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ تم ہمت کرو دنیا تمہیں نہیں روک سکتی، اللہ کی ذات کے بعد خود پر بھروسہ کرنا ہے، دنیا تمہاری ہے، ٹھان لو کہ تمہیں کچھ کرنا ہے، ہماری یوتھ منافق نہیں ہے۔

صدر آرٹس کونسل کراچی نے کہا کہ اسکولز، کالجز اور جامعہ کراچی کے شکر گزار ہیں، آپ سب کے تعاون کے بغیر یہ فیسٹیول ممکن نہیں تھا۔ مختلف کالجز میں فنون کی مختلف جہتوں پر مبنی مقابلے کروائیں گے، ہم نے سیکڑوں ٹرینرز ٹرین کیے ہیں، سب سے پہلے آپ کی تعلیم ہے، اپنا مستقبل بدلو گے تو گھر، گلی، محلے، شہر اور ملک کا مستقبل بدلے گا۔

پاکستان یوتھ فیسٹیول کے آخری روز کنسرٹ میں علی عظمت، ساحر علی بگا، احمد جہانزیب، نتاشا بیگ، وہاب بگٹی، احسن باری، ارمان رحیم اور آفاق عدنان نے اپنی آواز کا جادو جگا کر فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے اور حاضرین سے خوبدادوصولکی۔