قانون اور عوام کی عدالت سے رجوع کریں گے، اسد عمر

January 29, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پارٹی نے قانون اور عوام کی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زمان پارک لاہور میں پارٹی کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میںکل ہمارے کیس کی سماعت ہو گی، عدالت عالیہ نے آئین کے مطابق فیصلہ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت آئین خطرے میں ہے، ان لوگوں کا دستور پر عمل کرنے کا ارادہ نہیں، پی ٹی آئی قانون اور عوام کی عدالت سے رجوع کرے گی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی لیڈر شپ میں عدالت کی مدد سے آئین برقرار رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت صدر مملکت کی توجہ ایجنسیوں کی بڑھتی مداخلت کی جانب دلوانا چاہتی ہے اور زور دیتی ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کی سرکارجس طرح سے معیشت چلا رہی ہے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، بیروز گاری میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک دیوالیہ پن کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اقتدار میں آکر عوام کو بدترین مہنگائی دی، ہوشربا مہنگائی اور بڑھتی بیروزگاری سے ملک دیوالیہ پن کی دہلیز پر آکھڑا ہوا ہے۔