سویڈن اور ہالینڈ کی جانب سے معافی مانگے جانے تک احتجاج جاری رکھیں گے، پیر منور جماعتی

January 30, 2023

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) سویڈن اور ہالینڈ میں توہین قرآن کےخلاف سجادہ نشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی اپیل پر انجمن خدام الصوفیہ و امیر ملت ٹرسٹ کے زیراہتمام برطانیہ، اٹلی، اسپین، ناروے سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں بھرپور احتجاج کیا گیا، اس موقع پر مشائخ عظام و علماءکرام اور خطباءنے خطبات جمعہ اور احتجاجی مظاہروں میں کتاب اللہ کی بے حرمتی کرنے میں ملوث افراد کو سزا دینے اور معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ برمنگھم میں احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ سویڈن اور ہالینڈ کی جانب سے معافی مانگے جانے تک ہمارا احتجاج جاری رہےگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری سانس جاری ہے، ہم کلام اللہ کی توہین نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن میں قران پاک کی بے حرمتی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن اور ہالینڈ میں جو ہوا یہ بہت بڑا المیہ ہے پوری دنیا میں اس کےخلاف احتجاج کیا جا رہا ہے، یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اسلام پر امن مذہب ہے اور پوری دنیا میں امن قائم کرنے کی طاقت رکھتا ہے، ان دونوں ممالک میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے قبیح اور مکروہ فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس اقدام کے خلاف اقوام متحدہ کو پارلیمنٹ کی جانب سے پر زور پیغام جانا چاہئے۔ سید رشید حسین شاہ نے کہا کہ قرآن مجید کے مقدس اوراق کی شہادت پر ہر مسلمان غم و غصہ میں ہے، یہ محبت اسلام ہے، مسلمانوں کا غم و غصہ فطری ہے، مسلمانوں کی قوت برداشت غیرت ایمانی کا امتحان لیا جا رہا ہے۔ سید رفاقت حسین شاہ اور حافظ فرحان نے کہا کہ ہم اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ الہامی کتاب تمام دُنیا کےلئے نازل ہوئی تعلیم اور شعور کے رائج کرنے والے ممالک میں ایسی ذہنیت ہونا تعجب ہے‘ ہم اس اس معاملے کو بھرپور انداز میں عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے نظام سے یورپ سے نظام زندگی سیکھا، سویڈن اور ہالینڈ میں میں ہونےوالے ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ سویڈن اور نیدرلینڈ کی حکومتوں کو ازخود ایسے دہشت گرد عناصر کےخلاف موثر قانونی کارروائی کرنی چاہئے۔ سید حامد علی شاہ اور فرحت حسین شاہ کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان سویڈن اورہالینڈ کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں، مسلمان ممالک اور او آئی سی کو متحد ہو کر اسلاموفوبیا اور قرآن کریم کی بے حرمتی جیسے واقعات پر خاموشی کی بجائے اپنی آواز کو بلند کرنا چاہئے۔ سید بدیع الدین سہروردی نے اپنے بیان میں کہا کہ حرمت قرآن اور ناموس رسالت کےلئے تمام مسلمان ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اتحاد دکھانا چاہئے۔ معروف عالم دین مفتی اقبال چشتی نے کہا کہ مسلم امہ کے حکمرانوں کی خاموشی سے ایسے دہشت گرد عناصر کو مزید پھیلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے‘ ہم بحیثیت مسلمان قرآن مجید کی بے حرمتی پر ہرگز ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث دہشت گرد ہیں جو دنیا کو تیسری جنگ کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں۔ سویڈن اور ہالینڈ کی حکومتوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کی اجازت دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ لاہور سے سید علی حیدر حسین شاہ جماعتی و دیگر نے اپنے احتجاجی بیان میں کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کیا جائے‘ سویڈن اورہالینڈ کے سفیروں کی طلبی کر کے ہمارے احساسات سے آگاہ کیا جائے۔ سویڈن اور ہالینڈ کی مصنوعات کا پاکستان بھی بائیکاٹ کرے اور اس تحریک کو عالمی سطح پر چلایا جائے۔