پاکستان کے لئے سب جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں، سعید مغل ایم بی ای

January 30, 2023

برمنگھم (پ ر)سابق مشیر آزاد کشمیر محمد سعید مغل ایم بی ای نے پاکستان کے موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور جمہوریت کیلئے سب جماعتوں کو مل کر آپس میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا چاہئے تاکہ ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری ختم ہوسکے، انہوں نےکہا حکمران آپس میں انتقامی اور اقتدار کی جنگ میں ایک دوسرے پر الزامات لگا کر آخر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، اس سے غریبوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، دوسری طرف حکمران آپس کی جنگ میں مصروف ہیں جس سے بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو تشویش ہے، انہوں نے کہا اب عوام کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، آئندہ الیکشن میں نیک قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب کرانا ملک کی ضرورت بن گیا ہے، اس لئے ملک کا سوچیں ، ایک دوسرے پر الزامات اور انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں، اس سے ملک کا بڑانقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ملک ہے تو ان کی جماعتیں رہیں گی، خدانخواستہ ملک کو نقصان ہوا تو یہ کہاں پر حکمران ہوں گے، بیرون ملک پاکستانی ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے مساجد میں دعائیں مانگتے ہیں۔