رنگ بدل کر عمارتوں کو گرم اور ٹھنڈا رکھنے والا مٹیریل تیار

January 30, 2023

شکاگو(نیوز ڈیسک)جامعہ شکاگو کے ماہرین نے سالماتی سطح پر کام کرنے والا ایک ایسا تعمیراتی مٹیریل بنایا ہے جو موسم گرم اور سرد ہونے کی وجہ سے رنگ بدل کر یا تو گرمی جذب کرے گا یا پھر حرارت خارج کرے گا۔گرم دنوں میں یہ عمارت پر پڑنے والی 92فیصد حرارت خارج کرکے ہوا میں لوٹادے گاجس سے عمارت نہ صرف ٹھنڈی رہے گی بلکہ ایئرکنڈیشنڈ کا بل بھی کم آئے گا۔ دوسری جانب سرد موسم میں یہ اطراف کی حرارت کی صرف 7فیصد مقدار ہی جمع کرسکےگا تاہم اس سے بلڈنگ کو گرم رکھنے میں کچھ نہ کچھ مدد ضرور ملے گی۔جامعہ میں سالماتی انجینئرنگ کے نائب پروفیسر پو چُن سو اور ان کے ساتھیوں نے یہ کم خرچ اور مؤثر مٹیریئل بنایا ہے۔ اس سے ایک جانب تو توانائی کی بچت ہوگی تو دوسری جانب عمارتوں کو ٹھنڈا اور گرم رکھنے والےنظام کوماحول دوست بنایا جائے گا۔سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ مٹیریل آگ پکڑنے والا نہیں اور ہر قسم کے مضر کیمیکل سے پاک ہے۔ اس میں ایک جانب تو ٹھوس تانبے کی پرت ہے جو حرارت جذب کرتی ہے جب کہ ایک محولو ہے جو انفراریڈ کی صورت میں حرارت باہر بھیجتا ہے۔