آسٹریلیا میں خالصتان کے حق میں ریفرنڈم

January 30, 2023

میلبورن( نیوز ڈیسک)آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں سکھ فار جسٹس نامی تنظیم کے زیر اہتمام خالصتان کے حق میں گزشتہ روز ریفرنڈم ہوا،جہاں سکھ کمیونٹی کے افراد نے آزادخالصتان کے حق میں ووٹ ڈالا۔ ریفرنڈم کیلئے دوکلومیٹرتک قطار لگی تھی، بھارت کی مشرقی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنےوالے 18 سال سے زائد عمر کے افراد ووٹ ڈالنے کے اہل تھے، پولنگ اسٹیشن کے باہر خواتین اور مردوں کے ہاتھوں میں خالصتان کی آزادی کے پوسٹر اور جھنڈے لہرارہے تھے،سکھ رہنماؤں کا کہناتھا کہ خالصتان ریفرنڈم کا مقصد اقوام متحدہ سے آزاد خالصتان کے مطالبے کو منظور کرانا ہے۔دوسری جانب میلبورن میں خالصتان ریفرنڈم کے حق میں لگائے گئے پوسٹرز اور بینرز پھاڑ دیئے گئے، ریفرنڈم کیلئے مہم جوئی کرنے والی تنظیم نے پوسٹرز اور بینرز پھاڑنے کا ذمہ دار بھارتی حکومت کو قرار دیا ۔سکھ فار جسٹس تنظیم کے جنرل سیکرٹری گورپتوند سنگھ پنوں نے کہا کہ میلبورن میں توڑ پھوڑ کا خالصتان ریفرنڈم سے کوئی تعلق نہیں، خالصتان ریفرنڈم میں سکھ کمیونٹی اپنی رائے کا اظہار کر رہی ہے، سکھوں نے بتا دیا کہ وہ سانحہ 84 گولڈن ٹیمپل نہیں بھولے۔برطانیہ، سوئٹزر لینڈ، کینیڈا سمیت سات یورپی ممالک میں یہ ریفرنڈم کرایا جاچکاہے۔