پیٹرول کی قیمت میں 35 روپے اضافہ قابل مذمت ہے، سیاسی و مذہبی رہنما

January 30, 2023

کراچی ( اسٹاف ر پور ٹر) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری،چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ ،جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالر حیم نے پیٹرول کی قیمت میں 35روپے اضافے کی مزمت کرتے ہوئے اسے مزید مہنگائی کا طوفان برپا کئے جانے کے مترادف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت معاشی طور پر ناکام ہوچکی ،محمد ثروت اعجاز قادری کے کہا کہ غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں پیٹرول کی قیمت میں 35روپے اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے،سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر ظلم ہے،قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں کو این آر او دے دیا گیا ہے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے ) کے سیکریٹری اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ فنگشنل سندھ کےسیکریٹری جنرل سردار عبدالر حیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مہنگائی کی دلدل میں ڈال دیا ہے، حلیم عادل شیخ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ امپوٹڈ حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا کے مہنگائی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔