چوتھی کمشنر کراچی میراتھون، 30 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

January 30, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چوتھی کمشنر کراچی میراتھون اتوار کو سی ویو پر منعقد ہوئی جن میں مرد،بچے، نوجوان اور خواتین کے علاوہ اسپیشل افراد بھی شامل تھے، مردوں میں مین آف دی میراتھون محمد اختر اور مین آف دی ویمن کا اعزاز سحرش خان نے حاصل کیا، ایک اندازے کے مطابق ریس میں30ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے، نامور شخصیات کے علاوہ غیر ملکی شہریوں نے بھی حصہ لیا، مختلف ملکوں کے سفارتی نمائندے بھی موجو دتھے، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ریس کا افتتاح کیا،مر و خواتین کی دو مختلف کیٹیگریز، اسپیشل کیٹگیری میں 34 انعامات دئیے گئے،اسپیشل کیٹگری میں معذور، ڈیف اینڈ ڈمب اور بلائنڈ کے کامیاب شرکاء کو بھی انعامی رقم دیگر کیٹگری کی طرح دی گئی،مختلف ایونٹ میں سات انعاما ت غیر ملکی شرکا نے حاصل کئے ،چار کا تعلق جاپان ،ایک کا تعلق جنوبی افریقا ، روس اور انڈونیشیا سے تھا ، فن ریس میں بچوں خواتین اور خصوصی افرادنے حصہ لیا، تمام کامیاب شرکا میں مجموعی طور پر14لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے، خواتین کی دوڑ میں بھاول پور کی سحرش خان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، میراتھون کے اختتام پر چیف سیکریٹری ڈاکٹر سہیل راجپوت نےانعامات تقسیم کئے، اس موقع پرصوبائی مشیر قانون مرتضی وہاب، معروف صنعت کار مرز ا اختیار بیگ، مرزا اشتیاق بیگ،نیشنل بنک کے صدر رحمت اللہ حسنی، کریم اکرم خان، احمر پاشا اور غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا۔