بلوچستان کو پسماندہ رکھنے والے ہر سانحے کے ذمہ دار ہیں، عطاء گل

January 30, 2023

کوئٹہ(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماسابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطاءگل حمزہ زئی نے بیان میں کہا ہے کہ آئے روز ٹریفک حادثات میں بڑی تعداد میں مسافروں کی اموات کے ذمہ دار ڈرائیوروں کے ساتھ این ایچ اے حکام اوروفاقی حکومت ہے۔کوئٹہ کراچی روڈ کو اب تک دورویہ نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر کام شروع کیا بھی گیا ہے تو جس رفتار اور معیار سے کام جاری ہے اس طرح تو مزید 20 سال تک روڈ نہیں بن سکتا اور مزید ہزاروں قیمتی انسانی زندگیاں ضائع ہوتی رہیں گی۔ موجودہ سنگل روڈ کی چوڑائی بھی 20 فٹ سے زیادہ نہیں ۔زیادہ تر گاڑیاں اوور ٹیک کے دوران روڈ سے نیچے کھائی میں گر کر حادثات کا شکار ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے والے اور بلوچستان کو پسماندہ رکھنے والے ہی ہر حادثے کے ذمہ دار ہیں ۔ہونا تو یہ چاہئے کہ بلوچستان کے تمام ارکان قومی اسمبلی، سینیٹرز اور ارکان صوبائی اسمبلی اجلاس سے اس وقت تک بائیکاٹ کریں جب تک اس روڈ کے کام کو عالمی معیار کے مطابق مزید تیز نہیں کیا جاتاانہوں نے کہا ہم آئے روز جنازے اٹھا رہے ہیں ۔بلوچستان میں موٹروے بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال پھر بھی یہاں پر پسماندگی ہے عوامی نیشنل پارٹی ہر فورم پر اپنے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔