فتنہ خان کا سیاسی مخالفین کیخلاف زہر اگلنا نئی بات نہیں‘ پیپلز پارٹی

January 30, 2023

کوئٹہ( پ ر)سیاسست صبر و تحمل اور رواداری کا نام ہے ۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کا رویہ کسی بھی طرح سیاسی نہیں بلکہ انتشار پھیلانے کا سلسلہ ہے جس نے ملک کے معاشی و سیاسی نظام کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے عمران خان کی جانب سے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری سیاست کے اصولوں سے مکمل طور پر واقف ایک بڑا نام ہے اور ان کے خلاف ذہنی طور پر پسماندہ شخص کے بے بنیاد اور خطرناک الزامات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ خان کا سیاسی مخالفین کے خلاف زہر اگلنا کوئی نئی بات نہیں۔ اپنی بچی کچی سیاست بچانے کے لئے آصف زرداری کے خلاف بے بنیادالزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا ۔پوری قوم جان چکی ہے کہ فتنہ خان نے اقتدار کی خاطر معاشرے کو تقسیم کرنے کے لئے کس طرح نفرت کی سیاست کا سہارا لیا۔ اب کوئی اس شخص کی باتوں میں نہیں آئے گا جو صرف اپنی ذات تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کا ٹولہ ملک کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے ۔پی ٹی آئی کی قیادت کے ملک دشمن اقدامات اور سیاسی مخالفین پر من گھڑت الزامات کی وجہ سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ کے دہشتگردوں سے روابط کا سب کو علم ہے۔ پی ٹی آئی دور میں دہشت گردی پروان چڑھی جس کی پشت پناہی فتنہ خان نے کی ۔چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کرائی جائے۔