جڑواں شہروں میں 57سماج دشمن گرفتار‘ 33بھکاری بھی دھر لئے گئے

January 30, 2023

اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار‘ سٹاف رپورٹر) کیپٹل پولیس نے 24گھنٹوں کے دوران 7جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ اپنے آپ کو حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والے 4رکنی گروہ کو گرفتار کرکے اسلحہ، وائرلیس سیٹ، سرکاری یونیفارم اور زیراستعمال 2گاڑیاں برآمد کر لیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے 9ملزموں کو گرفتار کرکے 3کلو سے زیادہ چرس، 20لٹر اور 12بوتل شراب برآمد کر لی۔ ضرر کے مقدمہ میں مطلوب 3اشتہاری مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گیس سلنڈرز کی غیرقانونی ری فلنگ اور کھلے عام پٹرول کی فروخت کرنے والے 4ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کیخلاف جاری کریک ڈاؤن میں 24ملزموں کو گرفتار کرکے 1100سے زیادہ پتنگیں اور ڈوریں برآمد کرلیں۔ بیل دوڑ پر جواء کھیلنے والے 5قمار بازوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی تشہیر کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کے احکامات پر 33بھکاریوں کو مختلف تھانوں میں بند کرا دیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق انچارج بیگر سکواڈز نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کی۔