مری میں برف ہٹانیوالی مشینری اور عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے‘ کمشنر

January 30, 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے مری کا دورہ کر کے سیاحوں کیلئے کئے گئے انتظامات اور بارش و برف باری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر مری احمد حسن رانجھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ر) قاسم اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ محمد یوسف اور دیگر افسران نے اُن کا استقبال کیا۔ کمشنر راولپنڈی نے مری انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ایکسپریس ہائی وے مری کے داخلی راستے پر رُک کر ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے گفتگو کی‘ ٹریفک ایڈوائزری بارے تفصیلات معلوم کیں اور تمام اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے جناح ہال میں قائم مین کنٹرول روم اور سیاحوں کیلئے مختلف مقامات پر قائم سہولت مراکز کا دورہ کیا۔ کمشنر نے جھیکا گلی‘ کلڈنہ اور باڑیاں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برف ہٹانے والی تمام مشینری کو ہمہ وقت فعال اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مری میں بارش اور برف باری متوقع ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے جامع پلان تشکیل دیا ہے تاکہ عوام بھی احتیاطی تدابیر اختیار اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کمشنر نے کہا کہ کسی ایمرجنسی میں ضلعی کنٹرول روم کے نمبرز 0519269015‘ 0519269017-18پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔ 24گھنٹے فعال رہنے والے اس کنٹرول روم میں پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، جنگلات، آئیسکو، سول ڈیفنس و دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ بھی موجود رہے گا۔