خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے، آصف زرداری

January 30, 2023

سابق صدر آصف علی—فائل فوٹو

سابق صدر آصف علی نے پشاور میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کا سرگرم ہونا انتہائی خطرناک ہے۔

پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردی کی نرسریوں کو تباہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشت گردی کی وارداتیں باعث تشویش ہیں۔

سابق صدر کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی نگران حکومت دہشت گردوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

واضح رہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پشاور کی پولیس لائنز میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے 25 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 90 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جا رہی تھی جس کے دوران پہلی صف میں موجود خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

خود کش دھماکے سے پولیس لائن کی مسجد کی چھت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد ابھی بھی دبے ہوئے ہیں۔