پی ٹی آئی کے زیر اہتمام یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بڑے مظاہرے کا اعلان

January 30, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یورپ کی قیادت یورپین پارلیمنٹ کے سامنے جلد ہی ایک بڑا مظاہرہ کرے گی۔ اس بات کا اعلان پی ٹی آئی بیلجیئم کی جانب سے منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی بیلجیئم کے رہنماؤں نے پارٹی کے سینئر رہنما اور ترجمان فواد چوہدری کی گرفتاری اور اس کے بعد ان کے ساتھ اختیار کیے گئے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح پارٹی چئیرمین کی گرفتاری اور مختلف طریقوں سے الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق روزانہ خبریں گردش کرتی ہیں اس سے لگتا نہیں کہ حکومت کوئی جمہوری اور قانونی رویہ اپنائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے اور پورے یورپ سے تحریک انصاف کے لوگ بہت جلد یورپین پارلیمنٹ کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے موجودہ حکومت کو خبردار کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے لوگوں پر مظالم فوری طور پر بند کرے اور پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے اور وقت پر الیکشن کروائے جائیں۔