اسحاق ڈار کا قومی اسمبلی کی مدت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز

January 30, 2023

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کی مدت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ لابی میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام صوبوں کے پاس کام کرنے کےلیے کافی بجٹ ہے۔

اس دوران صحافی نے وفاقی وزیر سے قومی اسمبلی کی مدت سے متعلق سوال پوچھا تو انہوں نے جواب دینے گریز کیا۔

انہوں نے صحافی سے کہا کہ وفاقی وزیر قانون موجود ہیں، قومی اسمبلی کی مدت سے متعلق وقت آئے گا تو اُس وقت دیکھیں گے۔

دوران گفتگو اسحاق ڈار نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ دہشت گردی کے ناسور سے ہمارے ملک کو پاک کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور دہشت گردی پر بہت دکھ ہوا، اللّٰہ اس دہشت گردی کو ختم کرے، وزیراعظم اور آرمی چیف پشاور میں ہیں، وہ معاملے کو دیکھیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) میں دہشت گردی کے بعد ہم نے ایک نیشنل ایکشن پلان بنایا تھا، جس کے نتائج بہت مثبت اور اچھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور ردالفساد شروع کیا گیا، جس سے بہت بہتری آئی، دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا چکی ہے، پوری قوم کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب اور ردالفساد پاکستان کو 400 ارب میں پڑا۔