انوشے اشرف بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں

January 31, 2023

فائل فوٹو

پاکستان شوبز اندسٹری سے وابستہ میزبان اور اداکارہ انوشے اشرف بلآخر بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

انوشے اشرف نے بالی ووڈ کنگ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’یونیورسل سپر اسٹار‘ قرار دیا تو سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ٹرول کرنا شروع کر دیا۔

کہانی کہاں سے شروع ہوئی؟

بعض سوشل میڈیا صارفین کے مطابق پاکستانی فنکار بھارتی فنکاروں کی تعریفیں توجہ حاصل کرنے کے لئے کرتے ہیں جبکہ ایسی ہی ایک وائرل پوسٹ پر اداکار و میزبان یاسر حسین نے بھی انوشے اشرف کو ’فین گرل موومنٹ‘ قرار دیا۔

ساتھی فنکار کی جانب سے موصول ہونے والے تبصرے پر انوشے اشرف خاموش نہ رہیں اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسی وائرل پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنی وال پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہوں لیکن یہاں کے کمنٹ سیکشن میں لوگ بڑے ’شاندار‘ ہیں جو کوئی رائے نہیں رکھتے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ لوگ سمجھتے ہیں میں خان کی تعریف اس لئے کی کہ میں نوٹس میں آنا چاہتی تھیں حالانکہ نوٹس میں آنے کے بہت سارے طریقے موجود ہیں۔

اپنے پچھلے کمنٹ کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شوبز ستاروں کو یونیورسل محبت اور احترام ملتا ہے اسی لئے ہم اس کے متعلق بات کرتے ہیں۔

اداکارہ کی اس جوابی کمنٹس پے انسٹا استوری اپ ڈیٹ کرتے ہوئے یاسر حسین نے ایک بار پھر ان تمام اقدامات کو شہرت حاصل کرنے کا طریقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی رائے سے کوئی مسئلہ تھا تو وائرل پوسٹ پر کمینٹ کرنے کی بجائے انہیں ذاتی طور پر میسج کرتی‘۔

انوشے اشرف اس پر بھی خاموش نہ رہیں اور کہا کہ پوسٹ پہلے ہی پبلک تھی اس لئے اس پر اس طرح کا جواب شہرت حاصل کرنے کا طریقہ نہیں ہوسکتا، میں بس اپنی رائے کے حق میں کھڑی ہوئی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے لئے صبر اور برداشت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ میں بھی آپ کی رائے کا احترام کرتی ہوں بس آپ کے الفاظوں کے چناؤ پر اعتراض ہے۔

معاملہ یہاں رُکا نہیں بلکہ بھارتی میڈیا نے اس نیا رنگ دے دیا اور کہا جانے لگا کہ ’پاکستانی اداکارہ کو شاہ رخ خان کی تعریفیں کرنا مہنگا پڑ گیا، کنگ خان کی تعریف کرنے پر پاکستانی اداکارہ کو تنقید کا سامنا‘۔

ابتداً انوشے اشرف نے یاسر حسین پر بغیر نام لئے تنقید کی کہ آپ سب کی وجہ سے مجھے توجہ مل گئی لیکن بعد ازاں انہوں نے سنجیدگی سے انسٹا اسٹوری اپ لوڈ کی اور کہا کہ بھارت کے لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ان سے نفرت کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ لوگ نفرت کرتے ہیں اور نفرتوں کا یہ سلسلہ یوں ہی چلتا رہتا ہے اور کچھ لوگ اس پر اپنی سیاست چمکاتے ہیں۔