ایئرپورٹ کے اطراف کچرے کے ڈھیر، بلند عمارتوں کی تعمیر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر سے جواب طلب

February 01, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی ائیرپورٹ کے اطراف کچرے کے ڈھیر اور کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرات سے متعلق درخواست پر آئندہ سماعت پر پی آئی اے، سول ایوی ایشن اور دیگر سے تفصیلی جواب طلب کرلیا، سول ایوی ایشن کے وکیل نے کہا سول ایوی ایشن اتھارٹی مانیٹرنگ کرتی ہے اور ایئرپورٹ کے اطراف صفائی کا عمل جاری رہتا ہے،سول ایوی ایشن بااختیار ادارہ ہے اور قانون کے مطابق کام کرتا ہے، جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیئے کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے کچرے کی وجہ سے پرندے آجاتے ہیں،سول ایوی ایشن کے وکیل نے کہا ہمیں جہاں نشاندہی کی جائیگی کچرا صاف کردیں گے، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو تو یہ کام خود کرنا چاہئے نشاندہی کی کیا ضرورت ہے؟ ادارے جو کام بروقت کرسکتے ہیں کیوں نہیں کرتے؟ عدالت نے درخواست گزار کی غیر حاضری کے باعث سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی، دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ کراچی ائرپورٹ کے اطراف 15 کلومیٹر تک عمارتیں تعمیر نہیں کی جاسکتیں، کثیر المنزلہ عمارتوں کی روک تھام اور کچرا صاف کرنے کا فوری حکم دیا جائے۔