سینئر صحافی عاشق چوہدری انتقال کرگئے، نگران وزیراعلیٰ، وزیر اطلاعات و دیگر کا اظہار تعزیت

February 01, 2023

لاہور (نمائندہ جنگ) روز نامہ جنگ کے سینئر صحافی عاشق چوہدری طویل علالت کے بعدانتقال کرگئے ، مرحوم لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر اور صحافی کاشف چوہدری کے والد تھے،انھیں صدارتی تمغہ ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سینئر صحافی عاشق چوہدری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہارمرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عاشق چوہدری مرحوم نے شعبہ ثقافت کیلئے قابل قدر ابلاغی خدمات سرانجام دیں۔فن اورثقافت کیلئے ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکے گا۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عاشق چوہدری شعبہ صحافت کے درخشندہ ستارے تھے،انکی زندگی صحافت سے وابستہ لوگوں کے لیے رہنمائی کا مرکز تھی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرام درانی نے عاشق چوہدری کے اہلخانہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عاشق چوہدری کی صحافت کے شعبے کے لئے پیش کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔