سانحہ پشاور سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز

February 01, 2023

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پشاور پولیس لائن کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے جس سے ہر پاکستانی رنجیدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانیت دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکہ جس میں 90 سے زائد معصوم افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہیںملک کی امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی دشمنوں کی مذموم کوشش ہے۔ پوری قوم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اس طرح کی گھناؤنی حرکت نہیں کر سکتا۔ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کے پیچھے اسلام دشمن اور ملک دشمن عناصر کارفرما ہیں جو دین اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔اس سارے کھیل کے پیچھے وہ عناصر ہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک میں امن و امان قائم ہو۔انہوں نے متعلقہ اداروں سے کہا کہ دھماکے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں -سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ واقعہ امن و امان کی فضا ء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے اور دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب مل کر دشمنوں کے عزائم کوخاک میں ملائیں گے۔