چوہدری شجاعت کی مدت ختم ہو گئی ہے: پرویز الہٰی

February 01, 2023

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت کی مدت ختم ہو گئی ہے، اس لیے ان کے چھوٹے بھائی کو صدر بنایا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ فیملی کا فیصلہ ہے کہ چوہدری شجاعت نے سیاست کرنی ہے تو کریں، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امن و امان کی صورتِ حال پر توجہ دینا چاہیے، دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ملک ڈیفالٹ کرنے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ اور یہ ایک ہیں، ہرطرف مہنگائی کا طوفان ہے، قیمتیں بڑھا کر بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، گورنر خیبر پختون خوا نے الیکشن کا وقت دے دیا ہے، اب یہ الیکشن کرائیں۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں جو دیکھتا اور سمجھتا ہوں وہ کہتا رہتا ہوں، اس کا فائدہ بھی ہوتا ہے، پنجاب میں الیکشن ہو گا، پنجاب کے وزیرِاعلیٰ کا فیصلہ تحریکِ انصاف کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اکٹھے رہنا ہے، ہمیں کوئی لالچ نہیں ہے، میں دو تین مرتبہ پنجاب کا وزیرِاعلیٰ رہا ہوں، مریم نواز کا ایئر پورٹ پر شو فلاپ تھا، یہ بندے اکٹھے نہیں کر سکے۔

چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، الیکشن صاف شفاف ہو گا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔