زرداری پر الزامات، شیخ رشید اپنے بیان پر قائم

February 01, 2023

فائل فوٹو

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، عمران خان درست کہتا ہے آصف زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں، ان کا منصوبہ عمران خان کو نااہل اور مائنس کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 16وزارتوں میں کچھ نہ ملا تو حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آ گئی۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے وکیل نعیم حیدر نے تھانے میں بیان جمع کرا دیا جو پولیس لینے سے انکاری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے ہر حال میں گرفتار کیا جائے، پہلے لال حویلی پر قبضہ کیا جو ہماری ذاتی ملکیت ہے ہائی کورٹ نے قبضے کو ختم کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے مجھے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میرے وکیل سردار رازق، نعیم حیدر اور انتظار حسین ہیں، باقی پولیس کی طرف سے میرے خلاف میڈیا ٹرائل کروایا جا رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کی بسوں میں آ کر لال حویلی پر قبضہ کیا گیا، میری نشست پر بھی عمران خان الیکشن لڑیں گے، اوورسیز ووٹرز کیلیے سپریم کورٹ گئے ہوئے ہیں۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے پی میں الیکشن کی تاریخ آ گئی ہے، پنجاب میں بھی آ جائے گی، پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے گرفتار کیا جائے، ہمارے جیل میں جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پولیس نے 2 روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے بیان پر اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ میرے پاس ثبوت ہیں آصف زرداری نے دہشت گردوں کو ہائر کیا ہے، زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا تھاکہ میری اور لال حویلی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو رانا ثناء اللّٰہ، شہباز شریف اور آصف زرداری ذمہ دار ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے تفصیلی بات چیت کی ہے، آرمی چیف کو کہتا ہوں زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے، آرمی چیف سے گزارش ہے وہ کسی افسر کو بھیجیں اسے تفصیلات بتاؤں گا۔