فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

February 01, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی تھی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد فواد چوہدری کے استقبال کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی۔

اس سے قبل اڈیالہ جیل میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کیا گیا، جیل اسپتال کے عملے نے فواد چوہدری کو صحت مند قرار دیا۔

جیل ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے اپنا سامان کپڑے غریب قیدیوں کو دینے کی درخواست کی۔

اس سے قبل عدالت نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض فواد چوہدری کی ضمانت منظور کی۔

جج نے ریمارکس دیے کہ فواد چوہدری کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، پارلیمنٹیرینز کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے فواد چوہدری کی مشروط ضمانت منظور کی اور کہا کہ اس شرط پر ضمانت منظور کر رہا ہوں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے۔

فواد چوہدری کی رہائی کی روبکار جاری

اسلام آباد کی عدالت نے الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی رہائی کی روبکار جاری کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے روبکار جاری کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری روبکار کے ساتھ اڈیالہ جیل روانہ ہوئے۔

حبا چوہدری بیٹیوں کے ہمراہ فواد چوہدری کو لینے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری اپنی بیٹیوں کے ہمراہ شوہر کو لینے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

میڈیا سے گفتگو میں حبا چوہدری نے بتایا کہ بیٹیوں کے ساتھ یہاں فواد چوہدری کو لینے آئی ہوں، اللّٰہ کا شکر ہے کہ شوہر کی ضمانت ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شوہر کی رہائی کے فیصلے کا عمران خان کو علم ہوگیا ہے، فواد چوہدری اُن سے خود بات کریں گے۔