ہم نے بطور ریاست طالبان کے اقتدار پر جشن منایا، محسن داوڑ

February 01, 2023

رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا ہے کہ ہم نے بطور ریاست افغان طالبان کے اقتدار پر جشن منایا۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں محسن داوڑ نے کہا کہ شہداء کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پوچھتا ہوں حکومتی دعوؤں کے باوجود دہشت گردی کا مسئلہ آخر کیوں حل نہیں ہوتا؟

انہوں نے کہا کہ کل ایوان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر یہاں آئیں گے، پوچھتا ہوں وہ کہاں ہیں؟

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ آج پشاور پریس کلب کے سامنے پولیس نے احتجاج کیا، آپ کی فورس احتجاج پر مجبور ہوجائے تو آپ معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طالبان کے اقتدار پر بطور ریاست جشن منایا، اگر ہم نے سخت فیصلے نہ کیے تو اس جنگ تلے دب جائیں گے۔

محسن داوڑ نے یہ بھی کہا کہ اب سچائی کمیشن بنایا جائے، جو لوگ شامل ہیں ان کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، اگر یہ اقدامات نہ کیے گئے تو ہم نہیں بچیں گے۔