شاہد آفریدی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے مستعفی

February 01, 2023

شاہد آفریدی - فوٹو: فائل

شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سر پرست اعلیٰ شہباز شریف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کےلیے 14 رکنی منیجنگ کمیٹی قائم کی تھی۔

کمیٹی کی وفاقی کابینہ کی منظوری ملنے کے بعد اس وقت کے چیئرمین رمیز راجا اور ان کا گورننگ بورڈ فارغ ہوگیا تھا۔

بعدازاں سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو 14 رکنی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کمیٹی میں سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو بھی شامل کیا گیا تھا جنہیں عبوری سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔

تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے مینجمنٹ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت چیف سلیکٹر انہوں نے اپنا کام ذمہ داری سے ادا کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ چیف سلیکٹر کی کرسی بڑی مضبوط اور پاور فل ہے یہاں جو بھی آئے اس کو بڑے فیصلے لینے ہوں گے۔