پشاور میں دہشت گردی: چینی صدر کا وزیراعظم کے نام تعزیتی پیغام

February 01, 2023

چین کے صدرشی جن پنگ نے پشاور میں دہشت گردی کے واقعے پر وزیر اعظم شہباز شریف کے نام تعزیتی پیغام میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق چینی صدر نے سانحہ پشاور کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کااظہار بھی کیا۔

صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر مزید کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان کو فروغ دینے، سماجی استحکام اور عوام کی سلامتی و تحفظ کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھےگا۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف کے نام چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے بھی تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ چینی وزیر اعظم نے پشاور دہشت گرد حملے میں جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس سانحے پر اظہار یکجہتی کرنے پر چینی صدر اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔