میں کترینہ کیلئے ’پرفیکٹ شوہر‘ نہیں ہوں، وکی کوشل

February 02, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار وکی کوشل کا کہنا ہے کہ میں کترینہ کیف کے لیے ’پرفیکٹ شوہر‘ نہیں ہوں۔

وکی کوشل نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی شخصیت میں موجود خامیوں کے حوالے سے بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ پرفیکٹ ہونا انسان کے لیے بالکل ایسے ہے جیسے کہ وہ کسی سراب کے پیچھے بھاگ رہا ہوں کیونکہ ہر کوئی پرفیکٹ بننے کی کوشش کرتا ہے لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ میں کترینہ کے لیے ایک پرفیکٹ شوہر ہوں بلکہ میں کسی بھی طرح سے ایک پرفیکٹ انسان نہیں ہوں لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ایک اچھا شوہر بن سکوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ میں جیسا انسان کل تھا آج اس سے بہتر انسان بنوں گا۔

وکی کوشل نے شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ کسی دوسرے انسان کے ساتھ رہنا شروع کرتے ہیں جوکہ آپ کے لیے زندگی بھر کا ساتھی ہو تو آپ بہت کچھ نیا سیکھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران میں نے جو کچھ سیکھا وہ اس سب پر بھاری ہے جوکہ میں نے اپنی پچھلی پوری زندگی میں سیکھا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ زندگی کو ایک دوسرے انسان کے نظریے سے دیکھنے اور سمجھنے کا احساس بہت خوبصورت ہے اور یہ احساس انسان کی شخصیت کو نکھارتا ہے۔

واضح رہے کہ وکی کوشل بالی ووڈ فلم انڈسٹری کا ایک نامور چہرہ ہیں اور نیشنل ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

اداکار کو آخری بار فلم ’گووندا نام میرا‘ میں کیارا اڈوانی اور بھومی پیڈنیکر کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔