ہائیکورٹ: ڈی جی خان وکلاء کالونی، اراضی منتقل نہ کرنے پر جواب طلب

February 03, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹر جسٹس شکیل احمد نے ڈیرہ غازی خان میں وکلا کالونی کیلئے مخصوص رقبہ وعدے کے مطابق ایسوسی ایشن کو سابقہ نرخوں پر منتقل نہ کرنے اور عدالت کے روبرو یقین دہانی کرانے کے باوجود تاخیری حربے استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر صوبائی سیکریٹری کالونیز پنجاب سے جواب طلب کرلیاہے اور اس کیس کی اب دوبارہ سماعت کیلئے تاریخ مقرر کی جائے گی۔علاوہ ازیں جسٹس علی ضیا باجوہ نے سٹامپ وینڈر اور خزانچی کے ریکارڈ کی فرینزک رپورٹ کے حوالے سے مجسٹریٹ کی حکم کے خلاف دائر کردہ رٹ درخواست کو ری لسٹ کرنے کا حکم دیا اور فریق مخالف کو تمام متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ مدعا علیہ کے وکیل ایم آر فخر بلوچ نے فاضل عدالت کو آگاہ کیا۔کہ ان کے موکل نے محمد حنیف اور مسمات غفوری سے2011 میں اقرار نامہ پر 80 کنال 18 مرلہ رقبہ خرید کیا کیونکہ یہ رقبہ بنک سے مکفول تھا۔اور فوری طورپر منتقل نہیں ہوسکتا تھا۔رقبہ کے ٹرانسفر سے پہلے حنیف اور غفوری کا انتقال ہوگیا۔اور اس کے لواحقین نے عملہ کی ملی بھگت سے ریکارڈ میں ردوبدل کرکے نیا اقرار نامہ بحق۔ محمود بنالیا۔اور رقبہ فروخت کردیا۔