ترکیہ: سیکیورٹی الرٹ جاری کرنے پر 9 ممالک کے سفیر وزارت خارجہ طلب

February 03, 2023

ترک وزارت خارجہ دفاتر کی عمارت۔

ترکیہ نے سفارتی مشنز بند کرنے اور سیکیورٹی الرٹ جاری کرنے پر 9 ممالک کے سفیروں کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا۔

فرانس، جرمنی، اٹلی اور امریکا نے ترکیہ میں موجود اپنے شہریوں کیلئے ممکنہ حملوں کا الرٹ جاری کیا تھا۔

جرمنی، فرانس اور نیدرلینڈ نے رواں ہفتے ترکیہ میں عارضی طور پر سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اپنے سفارتی مشنز بند کر دیے۔

دوسری طرف ترکیہ نے بھی امریکا اور یورپ میں موجود اپنے شہریوں کو ممکنہ نسل پرست اور اسلام دشمن حملوں سے خبردار کیا ہے۔

ترک وزارت خارجہ ذرائع نے بتایا کہ 9 ممالک کے سفیروں کو طلب کیا گیا ہے لیکن ذرائع نے ان ملکوں کے نام نہیں بتائے۔

امریکی سفارتخانے نے تصدیق کی کہ اس کے سفیر ترک وزارت خارجہ کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

دو یورپی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جرمنی، فرانس اور نیدرلینڈ کے سفیروں کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے کہا کہ مغربی ممالک کی طرف سے عارضی طور پر قونصل خانے بند کرنا ترکیہ کے خلاف نفسیاتی جنگ شروع کرنے کے مترادف ہے۔