کوئٹہ، پاکستان سپر لیگ کے سرور میں، ستارے اترنے لگے، ایکشن کیلئے اسٹیج تیار

February 04, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل 8 کے لئے میزبان شہروں میں تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش جاری ہے جبکہ ایونٹ میں شریک فرنچائز ٹیموں کے مداحواں کا جوش و خروش بڑھ رہا ہے، انہوں نے اپنی ٹیموں کی شرٹ زیب تن کرنا شروع کردی ہے۔کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم اتوار کو گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے میچ کی میزبانی کریگا، شہر میں کرارے مقابلے کیلئے سرور چھارہا ہے،پاکستان کرکٹ کے ستارے بلوچستان کے دارا لحکومت میں اترنے لگے ہیں،ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل،عثمان قادر اور عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کوئٹہ پہنچ چکے ہیں۔ اسٹیڈیم کو بڑے میچ کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے ٹکٹوں کی قیمتوں کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ ملتان اور کراچی لیگ کے میچز کے آن لائن ٹکٹ ہفتہ کو 11 بجے دستیاب ہوں گے، چار مقامات پر باکس آفس سے شائقین کے لیے فزیکل ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے، پی سی بی نے پہلی بار رعایتی سیزن پاسز متعارف کرائے ہیں جس کا مقصد کرکٹ کے شائقین اور خاندانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کہ وہ میچوں میں شرکت کے لیے سستے ٹکٹ خریدیں، ایک ٹکٹ ایک شناختی کارڈ پر خریدا جا سکتا ہے۔ جن لوگوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہے، وہ پاسپورٹ کا استعمال کرکے ٹکٹ خرید سکتے ہیں، جبکہ 18 سال سے کم عمر کے لیے ب فارم کی ضرورت ہوگی۔ تماشائیوں کو جاری کردہ آئی ڈی لانا لازمی ہوگی جس کے ذریعے انہوں نے ٹکٹ خریدے ہیں۔ بنگلہ دیش پریمئرلیگ میں شریک پاکستانی کرکٹرز کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 8 کا آغاز 13فروری سے ہوگا۔ فائنل 19مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔