شرپسندی سے نمٹنے کیلئے مکاتب فکر کا اتحاد ناگزیر، ڈپٹی کمشنر

February 04, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، موجودہ حالات میں شرپسندی سے نمٹنے کیلئے مکاتب فکر کا اتحاد ناگزیر ہے علماء کرام امن وامان و بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات کا درس دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مفتی محمد عثمان پسروری،مظہر گیلانی،سید مزین چاون ،اصغر عباس نقوی ،علامہ انوار الحق مجاہد،مولانا عبدالحق مجاہد،سید علی رضا گردیزی،خاور حسنین بھٹہ ،،مظہر جاوید سیال،غوث انور گیلانی،سلیم بلال عطاری،زاہد بلال قریشی،عنایت اللہ رحمانی اور دیگر شریک ہوئے،ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں عبادت گاہوں سمیت سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے۔ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قرارداد بھی منظور کی گئی اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔