میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس،مختلف عہدوں کے خاتمے کی منظوری

February 04, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر )میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو ہیڈ کوارٹر کے عہدے کے قیام، جنرل منیجر کسٹمرسروسز اور ڈائریکٹر جنرل کمرشل کے عہدے ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 196واں اجلاس چیئرمین سردار محمد جمال خان لغاری کی زیر صدارت میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے مختلف ایجنڈاآئٹمز پیش کئے جنکی متفقہ طورپر منظوری دی گئی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے الیکٹریکل /الیکٹرونکس کی انجینئرنگ ڈگری حاصل کرنے والے میپکو ملازمین کی بطور جونیئر انجینئر/ایس ڈی او کے عہدے کے ان ہاؤس انڈکشن کوٹہ بڑھانے، تین سالہ پولی ٹیکنیک ڈپلومہ حاصل کرنے والے لائن سٹاف کی بطور لائن سپریٹنڈنٹ سیکنڈ کے عہدے پر انڈکشن /پروموشن کوٹہ بڑھانے، میپکو کے شعبہ انوائرمنٹ اینڈ سوشل سیف گارڈ میں نئی آسامیاں قائم کرنے، فیسکو (فیصل آباد) کی جونیئر انجینئر آسیہ ثمر اور اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر عبدالخالق کی میپکو میں ڈیپوٹیشن منظوری کی۔بورڈ نے جونیئر انجینئر/ایس ڈی او محمد عارف راجہ کی سینئر انجینئر/ایکسین کے عہدے پر ترقی اور اسسٹنٹ منیجر میٹریل مینجمنٹ (ایم ایم) بنیادی سکیل 17سے ڈپٹی منیجر میٹریل مینجمنٹ (ایم ایم)بنیادی سکیل 18 میں ترقی کے لئے پروموشن بورڈ کی سفارشات متفقہ طورپر منظورکیں۔