کراچی سے کالعدم قوم پرست تنظیم کا سرگرم ملزم گرفتار

February 04, 2023

جنگ فوٹو

کراچی میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب کالعدم قوم پرست تنظیم کے ایک سرگرم رکن کو ملیر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق گرفتار ملزم حنیف عرف بلو بادشاہ کا نام سندھ پولیس کی مطلوب ملزمان کی ریڈ بک میںصفحہ نمبر 106 پر ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق گرفتار دہشت گرد حنیف کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں رینجرز پر دستی بم حملوں میں ملوث ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم حنیف نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان میں حاصل کی، جہاں ملزم نے چھوٹے بڑے تمام ہتھیار، راکٹ چلانے اور بم بنانے کی ٹریننگ لی، حنیف نے 2019ء میں ایس آر اے میں شمولیت اختیار کی۔

دہشت گردی کی کاررائیوں کے لیے آپس میں رابطہ موبائل ایپلی کمیشن ٹیلی گرام کے ذریعے کرتے ہیں، دہشت گردی کی پہلی واردات گلستان جوہر کامران چورنگی پر 10جون 2020ء کو رینجرز پر دستی بم حملے سے کی، ملزم اور ساتھیوں نے 19 جون کو گھوٹکی میں رینجرز کی موبائل پر دستی بم سے حملہ کیا، 4 جولائی 2020ء کو پنوں عاقل میں رینجرز کی گاڑی پر دستی بم پھینکا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے 5 اگست 2020ء کو کراچی میں کشمیر ریلی پر ہینڈ گرینڈ سے حملہ کیا، 5 اگست 2020ء کو ہی کورنگی میں رانا جی اسٹیٹ پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا جبکہ 15 دسمبر 2020ء کو کلفٹن میں چائنا ریسٹورنٹ کے مالک کی گاڑی پر میگنیٹک بم لگایا۔

پولیس نے کہا کہ ملزم نے 15 دسمبر 2020ء کو شیخ زید کیپمس پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، 22 دسمبر 2020ء کو سپر ہائی وے جمالی پل پر چائینیز پر فائرنگ کر کے زخمی کیا، 2019ء میں قائد آباد پل پر بارود سے بھری موٹر سائیکل کھڑی کی لیکن دھماکہ نہیں ہوسکا۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اسے دہشت گردی کی وارداتوں کا حکم ایس آر اے کا کمانڈر اصغر شاہ اور سجاد شاہ دیتا تھا۔

عرفان بہادر کے مطابق گرفتار دہشت گرد حنیف کے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔