عمران خان کی خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

February 04, 2023

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی زیرصدارت تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ذمہ داران کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اسد عمر، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، پرویز خٹک اور سینیٹر شبلی فراز بھی موجود تھے۔

اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے تمام ریجنز میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کے تعین کے حوالے سے ریجنل بورڈز کی ابتدائی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا، خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم اور انتخابی حکمت عملی کے مختلف خدوخال پر بھی غور ہوا۔

اعلامیہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے اور ذمہ داران کو امیدواروں کے حوالے سے ہوم ورک جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا فیصلہ چیئرمین عمران خان خود کریں گے۔