یو اے ای، فرانس اور بھارت کا اہم شعبوں میں وسیع تر تعاون پر اتفاق

February 04, 2023

دائیں سے بائیں:فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا،بھارتی وزیر خارجہ جےشنکر اوریو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید، فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، فرانس اور بھارت نے مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زاید، فرانس کی وزیر خارجہ کیتھرین کولونا اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ٹیلیفون کال پر بات کی۔

تینوں وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای، فرانس اور بھارت توانائی اور ماحولیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کریں گے۔

ٹیلیفونک گفتگو میں وزراء نے اتفاق کیا کہ بحرِ ہند میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے کام کیا جائے گا۔

صاف توانائی، ماحول اور حیاتیاتی تنوع سے متعلق منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

تینوں ممالک پیرس معاہدے کے تحت معاشی، ٹیکنالوجی اور سماجی پالیسیز کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔

ان تمام منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے جی 20 اور کوپ 28 کے جھنڈے تلے متعدد سہ فریقی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

وزرائے خارجہ نے پلاسٹک کی آلودگی اور غذائی تحفظ پر بھی بات کی۔

انہوں نے شعبہ دفاع میں تعاون بڑھانے، صلاحیتوں کو بہتر بنانے، مشترکہ پیداوار اور تربیت کے مواقعوں پر کام کرنے کیلئے اتفاق کیا۔

اس معاملے پر تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پر 19 ستمبر 2022 کو ملاقات کی تھی۔