چائلڈ میرج قانون کی خلاف ورزی، والدین کو بچانے کیلئے بھارتی خاتون کی خودکشی

February 04, 2023

علامتی فوٹو

اپنے والدین کو گرفتاری سے بچانے کی خاطر ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست آسام میں پولیس نے چائلڈ میرج کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ساؤتھ سلمارا منکاچر نامی ضلع میں ایک خاتون نے اپنے والدین کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر خودکشی کرلی۔

بتایا جارہا ہے کہ آنجہانی خاتون کی عمر 27 سال تھی جبکہ اس کے دو بچے بھی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ خاتون کے والدین نے اس کی شادی کم عمری یعنی قانون کے مطابق 18 برس سے کم عمر میں کی تھی۔

پولیس کا بتانا تھا کہ خاتون کی لاش اس کے کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔ جسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادیا گیا تھا۔

ریکارڈ کے مطابق اس لڑکی کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، اس وقت اس کی عمر 18 سال سے کم تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کا شوہر 2020 میں کوویڈ19 کا شکار ہوکر چل بسا تھا۔

اس خاتون سے متعلق اہلِ خانہ کا بتانا تھا کہ وہ اس بات سے خوفزدہ تھی کہ اس کی کم عمری میں شادی کی وجہ سے پولیس اس کے والدین کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے اہلِ خانہ کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ خاتون نے دیگر مسائل کی وجہ سے انتہائی اقدام اٹھایا، ہم اس موت کو آسام پولیس کے کریک ڈاؤن سے نہیں جوڑ سکتے۔ ہم اس کی مزید تحقیقات کریں گے۔