بغیر ٹکٹ اور پاس گراؤنڈ میں جانیکی اجازت نہیں ہوگی، ڈی آئی جی

February 05, 2023

کو ئٹہ (اسٹاف رپورٹر )ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں امن وامان کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ آج ہونے والے پی ایس ایل کے کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور پشاور زلمی کے میچ کے سیکورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور 3 فروری سے میچ کے دن تک 3 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے اس کے علاوہ عمارتوں پر سنائپر جبکہ پہاڑوں پر ایف سی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، بغیر ٹکٹ اور پاس کے کسی کو بھی گراؤنڈ میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اسٹیکر کے بغیر گاڑیاں بھی گراؤنڈ میں داخل نہیں ہوسکتیں، گاڑیوں کی پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے لوگوں کو گراؤنڈ تک پہنچایا جائے گا ۔تین کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں ،اسٹیڈیم میں قومی پرچم کے علاوہ غیر ملکی یا سیاسی جھنڈے لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پر یس کلب میںپریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد زوہیب محسن ایس ایس پی انو سٹی گیشن سردار اسد ناصر بھی موجود تھے ۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظرسیکورٹی پہلے ہی ہائی الرٹ ہے جبکہ میچ کی سیکورٹی کو بھی فول پروف بنایا جا رہا ہے اس سلسلے میں سیکورٹی پلان پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔کوئٹہ ہمارا گھر ہے اور اس کی حفاظت ہمیں مل کر کرنی ہے۔