امریکی لڑاکا طیارے نے چین کے غبارے کو مار گرایا

February 05, 2023

گوگل فوٹو

امریکی لڑاکا طیارے نے چین کے غبارے کو مار گرایا، پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ جاسوس غبارہ چین کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے، امریکی صدر نے چینی غبارہ مار گرانے پر امریکی فوج کو مبارکباد دی ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ کارروائی دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی یہ ظاہر کرتی ہے کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو اولیت دے گی۔

امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

چینی غبارہ چند دنوں سے امریکا کے اوپر پرواز کررہا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق ابتداء میں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اسے نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا۔

چین نے کہا تھا کہ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر افسوس ہے۔