مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر

February 05, 2023

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے یوم یکجہتی کشمیر پر الگ الگ پیغامات جاری کیے ہیں۔

ایک بیان میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے سے کشمیر کی آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام پارلیمانی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا ہے۔

زاہد اکرم درانی نے پیغام میں کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کا خواہاں ہے، پاکستان مشکل کی گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے پُرعزم ہے۔