فلمبندی کے دوران علاقہ مکینوں کا اداکاروں اور عملے پر حملہ، حرا مانی نے کمرے میں بند ہوکر جان بچائی

February 08, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمشید کوارٹر میں فلمبندی کے دوران علاقہ مکینوں نے اداکاروں اور عملے پر حملہ کردیا،اداکارہ حرا مانی نے کمرے میں بند ہوکر اپنی جان بچائی، تفصیلات کے مطابق نبی قریشی کی ہدایات میں فلم"ساجن محل" کی شوٹنگ کا دوسرا اسپل جہانگیر روڈ پر واقع جمشید کوارٹر مکان نمبر86-Fمیں پیر کو جاری تھی ،شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں نے فلم کریو اور کاسٹ کو یرغمال بنا کر فلم شوٹنگ کا لائٹنگ سامان اور موبائل فون لیکر فرار ہوگئے، اس موقع پر اداکارہ حرا مانی نے خود کو کمرے میں بند کرکے اپنی جان بچائی ،واقعے کی اطلاع پولیس کو ملنے پر جائے وقوعہ پہنچ کر پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر60/2023 درج کرلیا ہے،ذرا ئع کے مطابق پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لیکر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ فلم پروڈیوسر علی حسین نے بتایا ہے کہ مذکورہ مقام پر گزشتہ تین ماہ سے شوٹنگ جاری ہے پیر کو ایک ایسا سین فلمبند کیا جارہا تھا جس میں مالک مکان، کرایہ ادا نہ کرنے پر کرایہ دار سے مکان خالی کروارہا ہے، ایسے میں 30 سے 40 افراد کا ایک ٹولہ آیا اور فلم شوٹنگ میں مصروف عملہ پر حملہ کردیا۔