کلفٹن میں خاتون کی جیولری شاپ پر رواں سال کی سب سے بڑی ساڑھے 7 کروڑ روپے کی ڈکیتی

February 08, 2023

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے علاقے کلفٹن میں جیولرز شاپ پر رواں سال کی سب سے بڑی ساڑھے 7 کروڑ روپے کی ڈکیتی کا تین دن گزرنے کے باوجود سراغ نہیں مل سکا۔ کلفٹن پولیس کے مطابق واردات 4 فروری کی سہہ پہر کلفٹن فیز 5 میں زمزم کمرشل اسٹریٹ رینزز جیولر شاپ پر ہوئی جس کا مقدمہ نمبر 64/23 دکان کی مالک نسرین عبدالخالق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ وقوعہ کے مطابق 35 سے 40 سال عمر کے پینٹ شرٹ پہنے 2 ملزمان ناک کی لونگ خریدنے کے بہانے دکان میں داخل ہوئے جنہوں نے سودے بازی کے دوران اسلحہ نکال کر انہیں یرغمال بنا لیا۔ خاتون کے مطابق ایک مسلح ملزم نے اس کے ہاتھوں اور منہ پر ٹیپ باندھ دی جبکہ دوسرے ملزم نے انہیں ساتھ لے جاکر دکان کی تجوری میں رکھے ہوئے 50 لاکھ روپے نقد اور سات لاکھ روپے مالیت کے سونے کے مختلف زیورات، سیٹ اور بسکٹ لوٹ لئے۔