پاک فضائیہ کا دوسرا طیارہ امدادی سامان لے کر ترکیہ روانہ

February 08, 2023


حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا دوسرا سی۔130 طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ لے کر ترکیہ کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ پاکستان کے عوام کی طرف سے زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 18634 پاؤنڈز امدادی سامان لے کر جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ پھنسے ہوئے پاکستانی طلباء کو وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے وطن واپس لانے کی بھی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کے روز آنے والے تباہ کن اور سلسلہ وار زلزلوں سے اموات کی تعداد 7ہزار 266 ہوگئی ہے، ترکیہ میں 5 ہزار 434 اور شام میں ایک ہزار 832 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔