کراچی سے داعش کا اہم کمانڈر گرفتار

February 08, 2023

فائل فوٹو

سندھ پولیس کےکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے عملے نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے ایک اہم کمانڈر کو گرفتار کر لیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم عبدالمالک ولد ابراہیم سال 2011 سے داعش کے ملا عبدالمنان گروپ سے رابطے میں رہا اور اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد ہوا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم افغانی باشندہ ہے اور کافی عرصے سے کراچی میں مقیم ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم عبدالمالک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اکثر رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی سے چندہ اکٹھا کر کے داعش کو پہنچاتا رہا ہے۔

ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حوالہ ہنڈی کا کام بھی کرتا ہے اور اب تک لاکھوں روپے کی کرنسی حوالہ ہنڈی کے ذریعے افغانستان منتقل کر چکا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے موبائل فون پر اہم معلومات ملی ہیں جس کا فرانزک معائنہ کرایا جا رہا ہے۔