جیل بھرو تحریک کب آگے چلے گی خان صاحب فیصلہ کریں گے، علی زیدی

February 08, 2023

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کب آگے چلے گی خان صاحب فیصلہ کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ این اے 244 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں گزشتہ روز سماعت ہوئی، 99 فیصد سے زائد شکایات فارم 11 سے متعلق تھیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق شکایات پر الیکشن کمیشن ارکان حیران تھے، کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں آر اوز نے دھاندلی کی، جہاں آر او نہیں ملا وہاں پریزائیڈنگ افسر کو ساتھ ملا کر دھاندلی کی گئی۔

علی زیدی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار ہوتے ہوئے کیسز کو دیکھنا چاہیے، امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن آر اوز کی دھاندلی کا نوٹس لے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں خبر چلی کے ڈاکو بیلٹ باکس لے گئے، پولیس سے مذاکرات کے بعد انہوں نے باکس واپس کیے، ڈاکو اب پولیس سے مذاکرات کریں گے؟

ان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ حکومت ترکیہ میں امداد بھیج رہی ہے یہاں لوگ کھلے آسمان تلے رہ رہے ہیں، سندھ کے حالات دیکھیں اور شرم کریں۔

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ فری ٹرپ انجوائے کرنے کے لیے ترکیہ کی مدد کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔