عمران خان کیخلاف عدم اعتماد پی ڈی ایم کا غلط فیصلہ تھا، سردار مہتاب احمد خان

February 08, 2023

سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا غلط فیصلہ قرار دیا ہے۔

ایبٹ آباد میں تقریب سے خطاب میں سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہوچکی مہنگائی سے لوگ مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لاکر غلط فیصلہ کیا گیا، سارا گند اپنے ذمے لے لیا گیا۔

سابق گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے میں ن لیگ کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے، صوبائی قیادت پارٹی کو نقصان پہنچا رہی ہے، اسے فوراً تبدیل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج حکومت کے وزیر مال بنا رہے ہیں، اپنےدفتروں میں بیٹھنا پسند نہیں کرتے، موجودہ حکومت ناکام ہوچکی مہنگائی سے لوگ مر رہے ہیں۔

سردار مہتاب احمد خان نے یہ بھی کہا کہ ہماری پارٹی اگر ہماری قدر نہیں کرتی تو ہمیں بھی کسی سے کوئی تمغہ نہیں لینا۔