فیصل آباد: سرکاری گندم میں ریت کی ملاوٹ کرنے کا انکشاف

February 08, 2023

فیصل آباد میں محکمہ خوراک کے عملے کی جانب سے سرکاری گندم میں ریت کی ملاوٹ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ماموں کانجن میں واقع سینٹر پر ملازمین ریت کی ملاوٹ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے چار ملازمین کو معطل کردیا۔

ماموں کانجن میں محکمہ خوراک کے سینٹر پر ذخیرہ گندم کو بوریوں سے نکال کر ملازمین ڈھیر لگا کر ریت کی ملاوٹ کر رہے تھے کہ حساس ادارے کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ کو اطلاع کردی گئی جس کے بعد سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جہاں 40 من سے زائد ریت مختلف تھیلوں میں لا ئی گئی تھی اور ملاوٹ کا عمل جاری تھا۔

اس کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عمر سرور اور اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ محمد اویس موقع پر پہنچ گئے۔

افسران نے گندم کے مرکزِ خرید ماموں کانجن پر تعینات دو فوڈ گرین انسپکٹرز سمیت چار ملازمین کو معطل کر کے انکوائری شروع کردی ہے۔