پاکستان سپر لیگ کی نئی چمچماتی ٹرافی آج دیدار کرائے گی، شالیمار باغ میں رونمائی

February 09, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی پیر کو ملتان میں ہونے والی افتتاحی تقریب سے قبل میگا ایونٹ کا جوش وخروش عروج پر ہے اور تیاریاں بھرپور انداز میں ہورہی ہیں۔ پی ایس ایل کی برانڈ نیو ٹرافی جمعرات کو دیدار کرائے گی۔ٹرافی کی رونمائی جمعرات کو ساڑھے بارہ بجے دوپہر شالیمار باغ لاہور میں ہورہی ہے۔ پی ایس ایل ٹرافی 7 ایڈیشن تک برقرار رہی جس کے بعد اب نئی ٹرافی کی رونمائی ہوگی جسے پہلے سے زیادہ پرکشش اوردیدہ زیب بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ گذشتہ سال لاہور قلندرز نے آخری بار ٹرافی کو اپنے نام کیا تھا اس سال کے چیمپئن کو نئی اور چمچماتی ٹرافی ملے گی۔ ٹرافی کے اسٹار کو 24 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ اس تقریب میں پی ایس ایل فرنچائزز کے کپتان بھی شریک ہوں گے۔ آٹھ سال پہلے بھی نجم سیٹھی نے ٹرافی کی رونمائی کی تھی۔ ٹیمیں 9 فروری کو ملتان پہنچ جائیں گی۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز دس فروری کو ملتان اسٹیڈیم میں اپنے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گی۔ کراچی میں جمعرات سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز ایک بجے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کریں گی۔ جمعے کو پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن شیڈول ہوگا۔ ہفتے کو کوئٹہ اور اسلام آباد ، نیشنل اسٹیڈیم جبکہ اتوار کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کی پی ایس ایل کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں، ٹیم کےقلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ سیشن ہورہے ہیں۔ لاہور قلندرز کی ٹیم نے دو پریکٹس میچز کے بعد ٹریننگ سیشن کیا جس میںکپتان شاہین آفریدی فخر زمان عبداللہ شفیق، زمان خان سمیت کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم جمعرات کوتیسرا پریکٹس میچ کھیلے گی۔ ہیڈکوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پہلے سیزن میں ایڈوانٹیج اسلام آباد یونائیٹڈ کو گیا ۔ دوسرے سیزن مین ہمیں اندازہ ہوا کہ ڈومیسٹک میں کھلاڑی ہیں نہیں تو ہم کیا کریں ۔ پھر ہم نے اپنا پلیئرز ڈویولپمنٹ پروگرام بنایا ۔ دل سے خواہش تھی جب جیتیں تو شاہین کپتان ہو۔ عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل ٹرافی اٹھانے کا مزا جو لاہور میں آیا کہیں نہیں آتا ۔ اگر پی ایس ایل نہ ہوتی تو پاکستان کی کرکٹ بہت نیچے چلی جاتی ۔